پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا جنوبی وزیرستان میں غیر فعال بنیادی صحت مراکز سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے جنوبی وزیرستان میں غیر فعال بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہےپشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ اور ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے واضح الفاظ میں کہا کہ انتہائی افسوسناک ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود متعلقہ ادارے عملدرآمد نہیں کرا پا رہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، یہاں کے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، مشکلات نہیں۔چیف جسٹس نے حکام کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی ہدایات کو سنجیدگی سے لیا جائے، ورنہ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔سماعت کے دوران چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے اور اس حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔عدالت نے چیف سیکرٹری کی یقین دہانی کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔