اسلامی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر ڈاکٹر یٰسین مظہر صدیقی کی کتاب "خطباتِ سیرت" پر تقریبِ تبصرہ کا انعقاد

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام معروف سیرت نگار مرحوم پروفیسر ڈاکٹر محمد یٰسین مظہر صدیقی کی کتاب "خطباتِ سیرت" پر ایک علمی تقریبِ تبصرہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب فیصل مسجد کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں ممتاز علماء، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اسلامی افکار کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد سجاد نے کی جبکہ ڈاکٹر سید عزیز الرحمٰن، انچارج، ریجنل دعوہ سینٹر کراچی، مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا جو ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی آئی یو آئی، آئی آر ڈی نصیر فرید نے پیش کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر حافظ محمد آفتاب احمد، سربراہ شعبہ تقابلی مذہب نے پروفیسر ڈاکٹر یٰسین مظہر صدیقی کی علمی خدمات اور "خطباتِ سیرت" کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

تحقیقی معاونین محمد اسامہ اور مبشر حسین نے کتاب کا تعارفی جائزہ پیش کرتے ہوئے اسے عصرِ حاضر میں سیرت کے موضوع پر ایک اہم علمی حوالہ قرار دیا۔کلیدی خطاب میں ڈاکٹر سید عزیز الرحمٰن نے کہا کہ "خطباتِ سیرت" نہ صرف محققین کے لئے مشعلِ راہ ہے بلکہ طلبہ کے لئے ایک مستند ماخذ کی حیثیت رکھتی ہے۔ صدرِ مجلس ڈاکٹر حافظ محمد سجاد نے مستند سیرت نگاری کی ترویج اور تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام صاحبزادہ محمد قمرالحق، صدر جامعہ محمدی شریف، چنیوٹ کے کلماتِ تشکر پر ہوا۔ انہوں نے آئی آر آئی کی اس علمی کاوش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ "خطباتِ سیرت" کے مطالعے اور فروغ سے علمی حلقوں میں مثبت پیشرفت ہوگی۔