مظفر آباد،ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات اور خالد رشید عباسی کے اعزاز میں الوداعی تقریب

جمعہ 19 ستمبر 2025 16:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات سردار محمد سلیم خان اور سابق ڈپٹی سیکرٹری جنگلات خالد رشید عباسی کے اعزاز میں الوداعی تقریب سیکرٹریٹ جنگلات میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب نے ریٹائر ہونے والے افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار محمد سلیم خان اور خالد رشید عباسی نے اپنی سروس ایمانداری، دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ سرانجام دی ہے، وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر اہلکار کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔اس موقع پر سابق ڈپٹی سیکرٹری خالد رشید عباسی اور دیگر افسران نے ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات نے تقریب کے انعقاد پر سیکرٹری جنگلات اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں چیف پلاننگ آفیسر جنگلات ارتضی قریشی، ڈپٹی سیکرٹری جنگلات انصر صدیق، سیکشن آفیسر خواجہ طاہر ضیاء، نگران سردار زاہد، پرائیویٹ سیکرٹری محمد بشارت جرال سمیت سیکرٹریٹ جنگلات کے ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈپٹی سیکرٹری جنگلات کو تحائف پیش کیے گئے اور ہار پہنائے گئے۔