قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ماں اور بچوں کی غذائیت بہتر بنانے کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد، وائس چانسلر سمیت صحت کے ماہرین کی شرکت

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:44

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) ماں اور بچوں کی غذائیت بہتر بنانے کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے یونیسف پاکستان کے تعاون سے ماں اور بچوں کی غذائیت بہتر بنانے کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سیمینار منعقد کرنے کا مقصد یونیورسٹی کی طالبات کو ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت سے روشناس کروانا تھا۔

سیمینار سے وائس چانسلر کے آئی یوپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ارشار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کی واحد بڑی پبلک یونیورسٹی کے طور پرکے آئی یو پائیدار ترقی اور علم کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جو غذائی قلت جیسے علاقائی چیلنجز سے براہ راست نمٹتی ہے۔

(جاری ہے)

ان سے قبل سیمینار سے محمد عباس کوآرڈینیٹر،شعبہ فوڈ اینڈ ایگریکلچر ڈاکٹر فروخ فیض، ڈاکٹر اظہر حسین،سکیل اپ نیوٹریشن کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نادر شاہ، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر وجاہت، گائناکالوجسٹ ڈاکٹر مصباح اور دیگر صحت کے شعبوں سے منسلک ماہرین نے اپنی قیمتی آرا پیش کی۔

طالبات کے لیے انٹریکٹو سیشنز سمیت طلبہ کی جانب سے ٹیبلوز بھی پیش کیے گئے،جن میں پائیدار صحت مند غذا، غذائی کمی کے بچوں کے ترقی پر اثرات اور مساوی غذائیت تک رسائی کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ماہرین نے سیمینار کو عالمی اور قومی اہداف بشمول صفر بھوک اور اچھی صحت کے ایس ڈی جیز سے جوڑا۔ سیمینار کے اختتام پر سیمینار میں نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے منتظمین اور طلبہ میں تعارفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔