انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی سربراہی میں سیف سٹی پراجیکٹ کا اجلاس

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔تر جمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق میٹنگ کا مقصد پشاور سمیت ڈسٹرکٹ لکی مروت اور بنوں میں سیف سٹی پراجیکٹ پر جاری کام اور کوہاٹ، کرک، ٹانک اور شمالی وزیرستان کے پراجیکٹس کے پی سی ون کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر "پراجیکٹ ایمپلیمنٹیشن اور ریویو کمیٹی" کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز عباس احسن اور ممبرز ڈی آئی جی آئی ٹی، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن، ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں صوبائی دارالحکومت پشاور میں جاری پراجیکٹ کے کام کے حوالے سے این آر ٹی سی کے نمائندے اور خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے ڈائیریکٹر آئی ٹی نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں آئی جی خیبر پختونخوا کو بتا گیا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں سائٹ سروے اور ٹربل سپاٹس کی نشاندھی کا کام 100٪ مکمل جبکہ کھدائی کا کام 87٪، سٹیل فکسنگ کا کام اور کنکریٹ بھرائی کا کام 83٪ تک مکمل کیا گیا ہے جبکہ 76٪ پولز کی تنصیب بھی کر دی گئی ہے۔ یوں ڈیرہ اسماعیل خان میں سروے کا کام 100٪ جبکہ کھدائی 71٪، سٹیل فکسنگ اور کنکریٹ 60٪ مکمل کی گئی ہے جبکہ بنوں میں سائٹ سروے مکمل ہونے کے بعد کھدائی، سٹیل فکسنگ اور کنکریٹ ڈالنے کا کام 90٪ مکمل کیا گیا ہے۔

لکی مروت میں بھی سروے مکمل ہونے کے بعد کھدائی، سٹیل فکسنگ اور کنکریٹ ڈالنے کا کام 89٪ مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے 18 سال سے تعطل کے شکار پشاور سیف سٹی پراجیکٹ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولز کی تنصیب سے لے کر بلڈنگ کی تعمیر تک تمام امور کو فوری مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

میٹنگ میں ریجنل پولیس آفیسرز کوہاٹ عباس مجید مروت، بنوں سجاد خان اور ڈیرہ اسماعیل خان سید اشفاق انور بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے جنہوں نے اپنے اپنے ڈیویژنز میں پراجیکٹ پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے تمام آر پی اوز کو پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے اور پراجیکٹ کو متعینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سمیت سٹریٹ کرائمز کا خاتمہ کرنے کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کو جلد از جلد فعال کرنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے پراجیکٹ کے تمام سٹیک ہولڈرز کو معینہ مدت میں پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیف سٹی پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کریں۔