Live Updates

سیلاب سے متاثر ہونے والے طلبہ کی فیسیں معاف کر دی جائیں گی ،یو ایم ٹی

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے صدر وسابق صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے طلبہ کی فیسیں معاف اور موخر کر دی جائیں گی تاکہ وہ مالی مشکلات کے باوجود اپنی تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ابراہیم حسن مرادنے کہا کہ یو ایم ٹی ہمیشہ سے تعلیم کو سب کے لیے مساوی وقابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم رہی ہے اور اسی وژن کے تحت یونیورسٹی کے مختلف سکالرشپس پروگرامز نے ہزاروں طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ یو ایم ٹی کے 64 فیصد طلبہ اس وقت تیس سے زائد اقسام کے سکالرشپس سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ اب تک 47 ہزار سے زائد طلبہ کو خطیر مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

صدر یو ایم ٹی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی مستحق طلبہ کی معاونت اور میرٹ کی حوصلہ افزائی پر خصوصی توجہ دیتی ہے، اس سلسلہ میں اقلیتوں، بلوچستان کے طلبہ، ریفیوجیز، شہدا کے بچوں اور یتیم طلبہ کے لیے خصوصی سکالرشپس مختص کی گئی ہیں تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت 76 فیصد طلبہ کو 50 فیصد جبکہ 24 فیصد طلبہ کو 100 فیصد تک سکالرشپس فراہم کی جا رہی ہے۔سابق صوبا ئی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ اس وقت 18 ممالک اور پاکستان کے 110 اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ یو ایم ٹی کے سکالرشپس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر مستقبل کے بہترین لیڈرز تیار کرنا یو ایم ٹی کی اولین ترجیح ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات