تھانہ کھنہ پولیس کی کارروائی ، ہراسمنٹ، سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش، منشیات فروشی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ایک منظم افغانی گینگ کے پانچ اہم ارکان گرفتار

ہفتہ 20 ستمبر 2025 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) تھانہ کھنہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہراسمنٹ، سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش، منشیات فروشی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ایک منظم افغانی گینگ کے پانچ اہم ارکان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ابراہیم، شاہد خان، محمد ابراہیم، خوشحال اور عین الحق کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے مختلف بور کے پانچ پستول اور آئس برآمد کی گئی ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ کم عمر لڑکوں کو اپنے مجرمانہ نیٹ ورک میں شامل کرتا تھا اور انہیں جرائم کی تربیت دے کر مختلف وارداتوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف پہلے سے بھی متعدد مقدمات درج ہیں اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ شہر کو محفوظ بنایا جا سکے۔