شادی کور ڈیم سے گوادر شہر کو پانی سپلائی شروع ، یومیہ 20 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائیگا

ہفتہ 20 ستمبر 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان کی قیادت اور جی ڈی اے کے شعبہ واٹر کی دن رات محنت کے بعد شادی کور ڈیم سے پانی کی سپلائی جی ڈی اے کی مین ٹرانسمیشن لائن میں شروع ہوگئی ہے۔ تقریباً 83 کلومیٹر طویل اس پائپ لائن کو ساڑھے تین سال بعد فعال بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں روزانہ 20 لاکھ گیلن پانی سسٹم میں شامل ہو رہا ہے، جو شہر میں پانی کے بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے سائیٹ پر پہنچ کر سپلائی کے شروع ہونے کا جائزہ لیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میرجان بلوچ، سائٹ انجینئر کامران بھی ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ گوادر میں گزشتہ پونے دو سال سے بارشیں نہ ہونے کے باعث آنکاڑہ ڈیم گزشتہ چار ماہ سے خشک ہو چکا ہے جبکہ سوڈ ڈیم بھی خشک ہونے کے قریب ہے۔

(جاری ہے)

اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان نے فوری اقدامات کے تحت شادی کور ڈیم پائپ لائن کو بحال کیا، جس سے اب دو ملین گیلن پانی یومیہ سپلائی ہو رہا ہے۔

پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے سنٹسر بورنگ سسٹم اور جی پی اے ڈیسالینیشن پلانٹ کو مکمل کیپسٹی کے ساتھ فعال کرنے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ امید ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔