شوٹنگ کے دوران سینئر اداکار و اداکارہ نے ذلیل کیا، مزنا وقاص

اتوار 21 ستمبر 2025 10:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) معروف اداکارہ مزنا وقاص نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کی جانب سے صحیح پرفارمنس نہ کرنے پر سینئر اداکار و اداکارہ نے انہیں سب کے سامنے ذلیل کیا۔مزنا وقاص کی سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو کہ چند سال پرانی ہے۔اداکارہ نے ٹی وی ون کے دی مزیدار شو کی وائرل ہونے والی مختصر کلپ تین سال پرانی ہے، جس میں انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے نامناسب واقعے پر لب کشائی کی۔

وائرل ہونے والی مختصر کلپ میں مزنا وقاص نے بتایا کہ چند سال قبل جب انہیں ڈراما انڈسٹری میں زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا، اس وقت شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ نامناسب واقعہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

اداکارہ کے مطابق شوٹنگ کے دوران انہیں رونے کا ایک منظر شوٹ کروانا تھا، جس کے لیے انہوں نے مکمل تیاری کر رکھی تھی۔مزنا وقاص نے بتایا کہ رونے کے لیے ان کی آنکھوں میں بہت زیادہ گلیسرین ڈالا گیا، جس وجہ سے ان کی آنکھیں خشک ہوگئیں اور ان سے مصنوعی آنسوں بھی نہ نکلے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت کوشش کی کہ ان کے آنسوں نکلیں لیکن ایسا نہ ہوسکا تو وہاں موجود سینئر اداکاروں کو غصہ آگیا اور انہوں نے ان کی اداکاری پر بھی سوالات اٹھائے۔اداکارہ کے مطابق ان کی جانب سے آنکھوں سے آنسوئوں نہ نکال پانے پر سینئر اداکار راشد فاروقی کو غصہ آگیا اور انہوں نے انہیں سب کے سامنے کھری کھری سنادیں۔