پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن اور اماراتی کمپنی HUB47 کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا

معاہدے کے بعد متحدہ عرب امارات میں کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور افراد کو معاونت فراہم کی جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:40

پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن اور اماراتی کمپنی HUB47 کے درمیان ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن اور اماراتی کمپنی HUB47 کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا، معاہدے کے بعد متحدہ عرب امارات میں کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور افراد کو معاونت فراہم کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ٹریڈ سینٹر میں ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی ایکزیبیشن GITEX 2025 جاری ہے۔

اس سال پاکستان سے بھی 100 سے زائد کمپنیوں اور 1 ہزار سے زائد افراد کے وفد نے بھی اس ایکزیبیشن میں شرکت کی ہے۔ GITEX 2025 ایگزیبیشن کے دوران پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) اور اماراتی کمپنی HUB47 کے درمیان اہم مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔ اماراتی کمپنی HUB47 کے ڈائریکٹر شہباز کی جانب سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے جو بھی ٹیک سٹارٹ اپس متحدہ عرب امارات آتے ہیں ان کیلئے یہاں کوئی باقاعدہ پلیٹ فارم میسر نہیں تھا۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان میں پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) بہت ہی شاندار کام کر رہی ہے، پاکستان میں ان کا ٹیک ایکو سسٹم موجود ہے، اس لیے ان کے جو بڑے ٹیک سٹارٹ اپس ہیں انہیں ہم متحدہ عرب امارات میں سپورٹ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) کے بورڈ ممبر عثمان اکبر کی جانب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) کے کل 1500 ممبرز ہیں، لوگ بہت زیادہ شکایت کرتے تھے کہ ملک سے باہر جانے پر سپورٹ اور گائیڈنز نہیں ملتی۔

تاہم اب پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) نے پہلی مرتبہ ملک سے باہر کوئی ایم او یو سائن کیا ہے۔ یہ ایم او یوHUB47 کے ساتھ سائن کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری سے جو بھی متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں قدم رکھنا چاہتا ہے، اسے HUB47 کی جانب سے مکمل سپورٹ اور گائیڈنز فراہم کی جائے گی۔ خاص کر پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) کے ذریعے پاکستان سے جو بھی متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں قدم رکھنا چاہے گا، اسے HUB47 کی جانب سے خصوصی ڈسکاونٹ بھی دیے جائیں گے۔

چئیرمین پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن(PASHA) نے بھی HUB47 کے ساتھ ہونے والے ایم او یو کو اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے آگے بڑھ کر اسٹریٹیجک سطح پر ایک معاہدہ کیا جس کی وجہ سے پاکستانی کمپنیوں کو بیرون ملک قدم جمانے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔