پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہوچکی، فیصلے میدان میں ہوں گے

اسلام آباد ہماری آمد کا انتظار کر رہا ہے اور وہاں جلد ڈیرہ والوں کی حکومت ہو گی، اسلام آباد جانے کی تیاریاں کریں، مولانا فضل الرحمان کا کارکنوں کو پیغام

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 اکتوبر 2025 00:31

پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہوچکی، فیصلے میدان میں ہوں گے
ڈی آئی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2025ء) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہوچکی، فیصلے میدان میں ہوں گے، اسلام آباد ہماری آمد کا انتظار کر رہا ہے اور وہاں جلد ڈیرہ والوں کی حکومت ہو گی، اسلام آباد جانے کی تیاریاں کریں۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جمعرات کی شب کو ڈی آئی خان میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی اہمیت اب ختم ہو چکی ہے، ہم عوام کی جمہوریت کے قائل ہیں،2024 کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، چوری کا مینڈیٹ قبول نہیں۔

انہوں نے کہاکہ 2018 میں بھی مینڈیٹ چوری ہوا، اس الیکشن کو کبھی نہیں مانا، ہم نے جمہوریت کی سیاست کرنی ہے، ہماری سیاست گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

ہم جمہوریت، اخلاق اور شائستگی کی سیاست کرتے ہیں۔ ہم اختلاف کریں گے، لیکن ہماری سیاست گالی کی سیاست نہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہو چکی ہے اور اب فیصلے میدان میں ہوں گے۔

ہم اسلام کی علمبردار اور عوام کی نمائندہ جمہوریت کے قائل ہیں۔ ہماری پارلیمنٹ ہمارے عوام ہیں۔ اسلام آباد ہماری آمد کا انتظار کر رہا ہے اور وہاں جلد ڈیرہ والوں کی حکومت ہو گی۔ سی پیک روٹ آپ کیلئے ہے، اسلام آباد جانے کی تیاری کریں۔ جے یو آئی ف کے امیر نے مزید کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم ڈھائے گئے، انہیں بھوکا مارا گیا، قائد اعظم نے اسرائیل کے بننے پر اسے ناجائز ریاست کہا تھا۔