انقرہ میں سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے سیرت النبی ﷺ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

بنگلہ دیش، مالدیپ، سوڈان، متحدہ عرب امارات، ایران، آذربائیجان اور مصر کے نمائندوں کی بھی شرکت

اتوار 21 ستمبر 2025 11:50

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)سفارتخانہ پاکستان نے پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ کے تعاون سے حضور رحمتِ عالم ﷺ کے 1500ویں جشن ولادت کے موقع پر ایک عظیم الشان بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا۔یہ محفل محض ایک تقریب نہ تھی، یہ ایک پیغام تھی، ایک یاد دہانی تھی کہ رسولِ اکرم ﷺ کی ذات اقدس ہی انسانیت کے لیے اصل مینارِ نور ہے، اور ان کی سیرت ہی وہ راہ ہے جو بگڑی دنیا کو سنوار سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس میں بنگلہ دیش، مالدیپ، سوڈان، متحدہ عرب امارات، ایران، آذربائیجان اور مصر کے نمائندے موجود تھے۔ ترکیہ کے دانشور اور اسلامی دنیا کے نامور اہلِ علم شریک تھے۔ یہ سب گویا ایک ہی زبان میں کہہ رہے تھے کہ حضور ﷺ کا پیغام ہماری مشترکہ میراث ہے، ہماری اصل طاقت ہے اور ہماری وحدت کی ضمانت ہے۔اس کانفرنس کے پیغام میں کہا گیا کہ اگر آج بھی ہم حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا محور بنا لیں، تو دنیا ظلمت و فساد کی بجائے امن، عدل اور محبت کا گہوارہ بن سکتی ہے۔