ٹیکسوں سے آمدنی ترقیاتی منصوبوں، سماجی بہبود کے پروگراموں اور انفراسٹرکچر کی توسیع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،سیف الرحمان

اتوار 21 ستمبر 2025 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ ٹیکس دہندگان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں بہت زیادہ کردار ادا کرتے ہیں۔ اتوار کو یہاں بزنس کمیونٹی کے ساتھ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایف ٹی او کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا کہ جو قومیں اپنے ٹیکس دہندگان کی قدر اور احترام کرتی ہیں وہ تیزی سے ترقی کرتی ہیں کیونکہ ٹیکسوں کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی ترقیاتی منصوبوں، سماجی بہبود کے پروگراموں اور انفراسٹرکچر کی توسیع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیکس دہندگان کے لیے احترام کا کلچر پیدا کرنا چاہیے جو قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون اور ٹیکس قوانین کی تعمیل سے مضبوط اور مستحکم پاکستان کی راہ ہموار ہو گی کیونکہ ٹیکس دہندگان قوم کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اور تمام ٹیکس دہندگان انتہائی قابل قدر ہیں اور ایف ٹی او اور ان کے تمام مشیر ہمیشہ ٹیکس دہندگان کو بہت عزت اور اہمیت دیتے ہیں۔ایف ٹی او کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کو صرف36 دنوں کے ریکارڈ وقت میں دور کیا جا رہا ہے اور ڈاکٹر آصف محمود جاہ ان کی حقیقی شکایات کو اولین ترجیح پر دور کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔