ضلعی انتظامیہ سپیشل ایجوکیشن سکولز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا

اتوار 21 ستمبر 2025 16:00

سرگودھا -21 ستمبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز، کمپیوٹر لیب، فزیو تھراپی رومز اور بچوں کی ٹرانسپورٹ سہولت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی کتابیں، کھیلوں کا سامان اوردیگرتعلیمی وسائل بھی چیک کیے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سپیشل بچوں کو زیادہ توجہ اور محبت کی ضرورت ہوتی ہے، لہٰذا اساتذہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سےاداکریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمدشہری بن سکیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے طلبہ سے بات چیت کی اور ان کی تعلیم اور سہولیات سے متعلق رائے بھی لی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کی ہدایت کےمطابق ضلعی انتظامیہ سپیشل ایجوکیشن سکولز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ یہ بچے بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :