سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی کرتارپور صاحب گردوارہ میں نگر کیرتن میں شرکت

کرتارپور صاحب پوری دنیا کی سکھ برادری کے لیے ایک منفرد روحانی حیثیت رکھتا ہے‘رمیش سنگھ اروڑہ

اتوار 21 ستمبر 2025 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اراکین کمیٹی کے ہمراہ کرتارپور صاحب گردوارہ میں منعقدہ نگر کیرتن جلوس میں شرکت کی۔ یہ جلوس بابا گرو نانک دیو جی کے 486 ویں برسی کے دوسرے دن کی تقریبات کے سلسلے میں نکالا گیا۔ پاکستان اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں یاتریوں نے اس نگر کیرتن میں شرکت کی۔

یہ روایتی سکھ مذہبی جلوس ہے جس میں شری گرو گرنتھ صاحب جی کو عقیدت و احترام کے ساتھ اٹھا کر لے جایا جاتا ہے۔ جلوس دربار صاحب کرتارپور سے بارڈر ٹرمینل کی جانب گیا، جس کے دوران عقیدت مندوں نے کیرتن (بھجن و شبد گائیکی) کیا، سیوا (خدمتِ خلق) میں حصہ لیا اور لنگر (اجتماعی کھانا) تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کرتارپور صاحب پوری دنیا کی سکھ برادری کے لیے ایک منفرد روحانی حیثیت رکھتا ہے۔

آج کا نگر کیرتن نہ صرف ہمیں بابا گرو نانک کی ابدی تعلیمات سے جوڑتا ہے بلکہ محبت، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ حکومتِ پاکستان ہمیشہ سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے کوشاں رہی ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ کرتارپور صاحب دنیا کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت بن کر رہے۔ انہوں نے بھارتی سکھ یاتریوں کی غیر موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا، جو بھارتی حکومت کی جانب سے ویزا جاری نہ کرنے کی وجہ سے تقریبات میں شریک نہ ہو سکے۔

انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور یاتریوں کو کرتارپور راہداری کے ذریعے آنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک پوری انسانیت کے ہیں۔ یاتریوں کو کرتارپور صاحب آنے سے روکنا صرف مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ انسانی قدروں کی بھی پامالی ہے۔ ہم بھارتی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ دنیا بھر کے کروڑوں سکھوں کے جذبات کا احترام کرے۔