پاکستان کا افغانستان سے درآمدات پر انحصار میں اضافہ، برآمدات میں کمی ریکارڈ

جولائی، اگست 2025 میں افغانستان سے پاکستان کی درآمدات 8 فیصد بڑھیں اور درآمدات ماہانہ بنیاد پر 50 فیصد بڑھیں. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 ستمبر 2025 16:54

پاکستان کا افغانستان سے درآمدات پر انحصار میں اضافہ، برآمدات میں کمی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2025 )پاکستان کا رواں مالی سال کے دوران افغانستان سے درآمدات پر انحصار میں اضافہ ہوا ہے جب کہ برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے رپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ جولائی، اگست 2025 میں افغانستان سے پاکستان کی درآمدات 8 فیصد بڑھیں اگست 2025 میں افغانستان سے پاکستان کی درآمدات ماہانہ بنیاد پر 50 فیصد بڑھیں جب کہ پاکستان کی افغانستان سے اگست 2025 میں سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 16 فیصد اضافہ ہوا.

(جاری ہے)

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی گذشتہ ماہ افغانستان سے درآمدات کا حجم 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا جب کہ جولائی 2025 میں افغانستان سے پاکستان کی امپورٹس 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھیں اسی طرح، اگست 2024 میں افغانستان سے پاکستان کی درآمدات 4کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھیں جب کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں پاکستان کی افغانستان سے درآمدات 9 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں. دوسری جانب اگست 2025 میں سالانہ اور ماہانہ بنیاد پر افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی، گذشتہ ماہ افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 13 فیصد کمی ہوئی حکومتی ذرائع نے بتایا کہ اگست 2025 میں سالانہ بنیاد پر افغانستان کے لیے برآمدات میں ایک فیصد کمی ہوئی جب کہ جولائی میں بھی افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ذرائع نے بتایا کہ اگست 2025 میں افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات 8 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہیں جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات 19 کروڑ ڈالرز رہیں.