ملکی زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئے ، برآمدات میں نمایاں اضافہ

ذخائر میں 21 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ، جس سے زرمبادلہ بڑھ کر 14.36 ارب ڈالر ہو گئے، کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 34 ملین ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 ستمبر 2025 16:57

ملکی زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئے ، برآمدات میں نمایاں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2025 )ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، برآمدات میں بہتری، بین الاقوامی مالیاتی انضمام اور ہمسایہ ممالک سے تجارتی تعلقات کے فروغ سے ہوتا ہے پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 12 ستمبر 2025 تک بڑھ کر 19.73 ارب ڈالر کی شاندار سطح پر پہنچ گئے ہیں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 21 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ بڑھ کر 14.36 ارب ڈالر ہو گئے جب کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 34 ملین ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد یہ 5.38 ارب ڈالر تک پہنچ گئے یہ پیش رفت مالی نظم و ضبط، سرمایہ کاروں کے اعتماد، کرنٹ اکانٹ میں بہتری اور موثر معاشی اصلاحات کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے اس اضافے سے پاکستان کو عالمی معاشی دبا کا بہتر مقابلہ کرنے کی صلاحیت ملی ہے اور درآمدات کی ضروریات کی تکمیل آسان ہوئی ہے. اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند ذخائر ادائیگیوں کے توازن پر دبا کو کم کرتے ہیں اور پاکستانی روپے کو استحکام فراہم کرتے ہیں ذخائر میں مسلسل اضافہ نہ صرف ملک کی قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے بلکہ دنیا کو پاکستان کی مالی ساکھ کا مثبت پیغام بھی دیتا ہے پاکستان نے اپنے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو عرب مانیٹری فنڈ کے بنا پلیٹ فارم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس اقدام سے بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر کی وصولی ممکن ہو سکے گی، تاہم اس نظام کے تحت پاکستان سے باہر رقوم کی منتقلی کی اجازت نہیں ہوگی یہ فیصلہ محفوظ اور دستاویزی ترسیلات کو فروغ دینے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے بنا پلیٹ فارم ایک جدید سرحد پار ادائیگی کی سہولت فراہم کرتا ہے جو اسٹیٹ بینک کے مالی وژن سے ہم آہنگ ہے. اس اقدام سے عرب دنیا کے ساتھ پاکستان کے مالی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کو تیز تر اور قابل اعتماد چینل میسر آئے گا پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات مالی سال 2025-26 کے ابتدائی 2 ماہ (جولائی-اگست) میں 9.87 فیصد بڑھ کر 3.203 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں اس نمایاں اضافے میں نٹ ویئر، بیڈ ویئر، گارمنٹس اور کاٹن یارن کا کلیدی کردار رہا۔

(جاری ہے)

نٹ ویئر برآمدات میں 16.86 فیصد اضافہ ہو کر 958 ملین ڈالر ہو گئیں گارمنٹس میں 10.61 فیصد اضافہ کے ساتھ 728 ملین ڈالر۔کاٹن یارن میں 7.78 فیصد اضافہ ہو کر 119 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا اس کے علاوہ تولیے ‘ ٹیکسٹائل، گوشت اور سی فوڈ کی برآمدات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا سی فوڈ برآمدات 32.05 فیصد اضافے کے ساتھ 46 ملین ڈالر ہو گئیں تاہم فوڈ گروپ کی مجموعی برآمدات میں 23.46 فیصد کمی دیکھی گئی. یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت اثرات ٹیکسٹائل سیکٹر پر مرتب ہو رہے ہیں، جو پاکستان کی معیشت کا ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی جدید کاری، علاقائی معاشی تعاون اور برآمدات کی مضبوطی سمیت تمام عوامل مل کر پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں پاکستان اب عالمی سطح پر ایک زیادہ پراعتماد اور معاشی طور پر مستحکم انداز سے ابھر رہا ہے.