انسانیت پر ہونے والے ہر ظلم کے خلاف ہماری آواز مسلسل بلند رہے گی،شمسہ مہ جبین

پیر 22 ستمبر 2025 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر شمسہ مہ جبین نے غزہ میں جاری ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت پر ہونے والے ہر ظلم کے خلاف ہماری آواز مسلسل بلند رہے گی۔شمسہ مہ جبین نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جس بے رحمی اور ظلم کا سامنا ہے، وہ پوری انسانیت کے لیے باعث شرم اور دکھ کا مقام ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے فوری طور پر قدم اٹھانے، جنگ بندی کا نفاذ کرنے اور وہاں کے مظلوم عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ظلم، جبر اور انسانیت سوز کارروائیوں کے اس دور میں، صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انصاف، امن اور انسانی وقار کے قیام کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

صدر شمسہ مہ جبین نے تمام انسان دوستوں، تنظیموں اور حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ظلم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داری کو سمجھیں۔صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن ہر اس کوشش کی حمایت کرے گی جو امن اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے ہو، تاکہ دنیا میں محبت، انصاف اور بھائی چارے کا بول بالا ہو۔