حنیف محمد ٹرافی کے آخری راؤنڈ کے پہلے روز راولپنڈی کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 184 رنز بنا کر آؤٹ

پیر 22 ستمبر 2025 20:19

حنیف محمد ٹرافی  کے آخری راؤنڈ کے پہلے روز راولپنڈی کی ٹیم کراچی بلوز ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی 26-2025 کے پانچویں اور آخری راؤنڈ کے پہلے روز راولپنڈی کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 184 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یاسر خان نے 66 بنائے۔ کراچی بلوز کے محمد اصغر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے اختتام پر کراچی بلوز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنا لیے۔

عبداللہ فضل نے 97 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ عمیر بن یوسف 52 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ فیصل آباد کی ٹیم حیدرآباد کے خلاف پہلی اننگز میں 169 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جواد علی بھٹی نے تباہ کن بائولنگ کی اور 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حیدرآباد نے ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنا لیے۔ کراچی وائٹس نے آزاد جموں و کشمیر کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا لیے۔

(جاری ہے)

محمد طحہٰ 91 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ سعد بیگ نے 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ لاہور بلوز نے کوئٹہ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 445 رنز بنا لیے۔ عمر صدیق نے 130 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ عمران بٹ نے 69، محمد سلیم نے 60 اور خواجہ عبداللہ نے 50 رنز بنائے۔ احسان اللہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لیے۔

ریحان آفریدی 68 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ محمد توقیر نے 68 اور محمد سرور نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاڑکانہ نے ملتان کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنا لیے۔ ثابت علی نے شاندار سنچری اسکور کی اور وہ 140 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ غلام رضا نے 69 اور ملہار رسول نے 54 رنز بنائے۔