طلبااوراساتذہ معاشرے سے کرپشن کے ناسور کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کریں،ڈی جی نیب بلوچستان

پیر 22 ستمبر 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) قومی احتساب بیورو بلوچستان نے انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت الحمد اسلامک یونیورسٹی کوئٹہ کے طلبا اور اساتذہ کے وفد کو مدعو کیا۔ وفد کی قیادت اسسٹنٹ پروفیسر عماد تبسم نے کی۔ڈائریکٹر نیب بلوچستان نیاز حسن نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شفافیت کے عمل کو فروغ دینے میں اس طرح کے پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔

وفد نے نیب بلوچستان دفتر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کام کے طریقہ کار، بشمول شکایات پر کارروائی، انکوائری اور پراسیکیوشن کے عمل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے " بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار" کے عنوان سے معلوماتی لیکچر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی آگاہی، تدارک ، انفورسمنٹ اورنیب کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبااپنے اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کر کے بدعنوانی سے بہتر انداز میں نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ یہ وصف ان کے مستقبل میں قائدانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ نیاز حسن ڈائریکٹر نیب نے ادارے کے فرائض و کار کردگی کا جامع تعارف بیان کیااور طلباءکے تمام سوالوں کے جوابات دیئے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب اپنی تمام تر صلاحیتیں ہائی پروفائل کرپشن کیسز کے حل اور ایسی تدابیر پر صرف کرے گا جس کی بدولت محکموں میں کرپشن کو پنپنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے طلباء کی بدعنوانی کے خلاف کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ معاشرے سے کرپشن کے ناسور کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔دورے کا اختتام پر نیب بلوچستان کی طرف سے عماد تبسم اسسٹنٹ پروفیسر کو یادگاری شیلڈ دی گئی اور باہمی اظہار تشکر کیا گیا۔ وفد نے نیب کے اس اقدام کو بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کی جانب انتہائی با مقصد اور سنگ میل قرار دیا۔