پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کے معیشت، سرمایہ کاری ،ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی مثبت اثرات ہونگے‘ پیاف

منگل 23 ستمبر 2025 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے سینئر وائس چیئرمین و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہے جو نہ صرف دفاعی شعبے بلکہ معیشت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی گہرے اثرات مرتب کرے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ معاہدے کے بعد سرمایہ کاری کے فروغ، مشترکہ منصوبوں، غیر ملکی سرمایہ کاری، تیل و گیس کے شعبے میں تعاون اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے وسیع امکانات ہیں۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل، دواسازی، چاول، سمندری خوراک، گوشت، پھل و سبزیاں، ڈیری مصنوعات، چمڑے کی اشیا ء اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سعودی عرب کو برآمد کرنے کے لیے نمایاں صلاحیت رکھتی ہیں جو دفاعی معاہدے کے بعد مزید بڑھ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو زرعی زمین کی پیشکش، ہنرمند افرادی قوت کی برآمد اور خوراک کے تحفظ کے منصوبے پاکستان کی معیشت کو روزگار، سرمایہ اور ٹیکنالوجی کے ذریعے استحکام دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔مدثر مسعود چودہدری نے کہا کہ جدید مالیاتی نظام، فِن ٹیک اور پانڈا بانڈز کے ذریعے سعودی آئل فیسلٹی سے مزید فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے،سعودی عرب ٹیکنالوجی کی طاقت بنتا جا رہا ہے جو پاکستان کے لیے ڈیجیٹل اور معاشی شراکت داری کو بڑھانے کا سنہری موقع ہے۔