سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کرگئے

انہیں سب سے زیادہ عرصہ تک خطبہ حج دینے کا اعزاز حاصل تھا، سعودی مفتی اعظم علماء کونسل کے امیر بھی رہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 ستمبر 2025 13:37

سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کرگئے
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء ) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کرگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی شاہی عدالت نے آج منگل کو سعودی عرب کے مفتی اعظم اور سینئر علماء کی کونسل کے چیئرمین شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ کی وفات کی اطلاع دی، ان کی عمر 81 برس تھی، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ گچھ عرصے سے علیل تھے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج ظہر کی نماز کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی، اس کے علاوہ حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ان کی نماز جنازہ عصر کی نماز کے بعد مسجدالحرام، مدینہ میں مسجد نبوی ﷺ اور مملکت کی تمام مساجد میں بھی ادا کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی پیدائش 6 صفر 1362ھ بمطابق 10 فروری 1943ء بروز بدھ مکہ مکرمہ میں ہوئی، وہ سعودی عالم، مملکت سعودی عرب کے مفتی اعظم اور سینئر سکالرز و سائنسی تحقیق اور افتا کی کونسل کے صدر تھے، وہ سعودی دور میں عرفات کے چھٹے مبلغ ہیں، انہوں نے 1402-1436 ہجری (1982 سے 2015ء) 35 سال تک مسجد نمرہ میں خطبہ دیا، اس طرح وہ اسلامی قوم کی تاریخ میں عرفات میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے مبلغ ہیں۔