Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بحرین کے کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

منگل 23 ستمبر 2025 13:22

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  کی بحرین کے کنگ  حماد بن عیسیٰ الخلیفہ ..
منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو بحرین کے کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے الصفریہ پیلس میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور تاریخی تعلقات موجود ہیں ،پاکستان بحرین کے ساتھ پارلیمانی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔اس موقع پر دونوں جانب سے پارلیمانی روابط اور قانون سازی کے تجربات کے تبادلے پر زور دیا گیا ۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے بحرین کی پارلیمان کے پائیدار ترقی کے اہداف کے سیکشن کے اجرا کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان بحرین کی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون کیلئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان-سعودی اسٹریٹجک ڈیفنس ایگریمنٹ پر مبارکباد دی۔ انہوں نےپاکستان میں سیلاب میں جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کا اظہار کیا اور پاکستانی سیلاب متاثرین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے فلسطین اور کشمیر میں جاری بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا پر امن حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

بحرین کے شاہ حماد نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی نمایاں عسکری قوت کا حامل ملک ہے۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اُمّت کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستانی وفد کی پُرتپاک میزبانی پر شاہ حماد سے تشکر کا اظہار کیا۔انہوں نےصدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے نیک خواہشات کے پیغامات پہنچائے جس پر کنگ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے اظہارِ تشکر کیا ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات