کشمیر کی تاریخ میں پروفیسر عبدالغنی بھٹ کو کشمیری عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے ،جسٹس (ر)غلام مصطفی مغل

منگل 23 ستمبر 2025 15:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ، سابق چیف الیکشن کمشنر وریٹائرڈ سینئر جج سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی)کے سابق چیئرمین اور مسلم کانفرنس جموں وکشمیر (ایم سی جے کی) کے سابق صدر پروفیسر عبدالغنی بھٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ممتاز کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بھٹ بدھ کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے سوپور میں 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔مرحوم کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بھٹ کو جموں کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد میں ان کی عظیم خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے بے مثال وکیل کے طور پر مرحوم عبدالغنی بھٹ ان رہنماؤں میں شمار کئے جاتے تھے جنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق اور مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ بے باکی سے اور عقل اور دانش کی بنیاد پر بات کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پروفیسر عبدالغنی بھٹ ایک دانشور، ماہر تعلیم اور جموں کشمیر کے ایک بابصیرت سیاسی رہنما تھے اور ان کا انتقال جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے جاری جدوجہد کے حوالے سے ایک بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں پروفیسر عبدالغنی بھٹ کو کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور حقوق کے لیے ان کے افکار، اظہار نظر، مدبرانہ کردار اور بے باک وکالت کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔غلام مصطفیٰ مغل نے پروفیسر عبدالغنی بھٹ کے اہل خانہ سے بالخصوص اور کشمیری عوام سے بالعموم تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم رہنماء کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔