Live Updates

پنجاب حکومت کا بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین کی امداد سے انکار

کیا ان سے عقل لیں جہنوں نے سندھ کو آثار قدیمہ بنا دیا؟ جو خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ہی نہیں ان کی بی آئی ایس پی سے کیسے مدد کی جاسکتی ہے؟ صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 ستمبر 2025 16:01

پنجاب حکومت کا بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین کی امداد سے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء ) پنجاب حکومت کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرین کی امداد سے انکار کردیا گیا۔ اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا اُن سے عقل لیں جنہوں نے سندھ کو آثار قدیمہ بنادیا؟ سیلاب متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد فراہم نہیں کی جا سکتی، جو بی آئی ایس پی سے رجسٹرڈ ہی نہیں انہیں امداد کیسے دی جائے؟ باقی سیلابی سیاست کرنے والوں کے لیے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بیرونی امداد کےباوجود لوگ مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے، سندھ یا کراچی کا کیا حال ہے؟ جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا ہے، حکومت پنجاب اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی مدد کررہی ہے، ہمیں بیرونی امداد کا انتظار نہیں، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کو دوبارہ آباد کرے گی، بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تعریف کی، بلاول بھٹو کے بیان کو زیادہ معتبر سمجھتی ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات پنجاب نے بتایا کہ سیلاب سے 47 لاکھ افراد متاثر ہوئے، 26 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، ابتدائی سروے مکمل ہوچکا ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کو 20 ہزار فی ایکڑ حکومت پنجاب ادا کرے گی، اگر کسی کا پکا گھر گرا ہے تو اسے 10 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے، جس کا کچا مکان گرگیا اس کو 5 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے اور اگر کسی کی گائے یا بھینس مری ہے تو اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے۔

اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ میانوالی میں الیکٹرو بس کے شیشے توڑنا فساد تھا، اس میں دو لوگ ملوث ہیں، جن کو گرفتار کرلیا گیا ہے، یہ پنجاب کے عوام کی بسیں ہیں اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ وہ کسی ٹک ٹاکر یا باہر بیٹھے یوٹیوبر کو خوش کرنے کے لیے اس طرح کے کام کرے، مریم نواز نے پنجاب میں خدمت کی تاریخ رقم کی ،تنقید کرنے والوں کو اور کوئی کام نہیں آتا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات