ممبر الیکشن کمیشن اے جے کے کی زیر صدارت اجلاس،ادارے میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال بارے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

منگل 23 ستمبر 2025 17:35

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر سید نظیر الحسن گیلانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ادارے میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال بارے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی) محمد راشد حنیف، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں وقتاً فوقتا انعقاد پذیر ہونے والے تمام الیکشنز سے متعلقہ جملہ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے علاوہ کمیشن کے تمام انتظامی و مالی معاملات سے متعلقہ ریکارڈ کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آزاد جموں کشمیر الیکشن کمیشن کے تمام ضلعی دفاتر کو ایک مربوط نظام کے تحت مرکزی دفتر سے منسلک کرتے ہوئے ملازمین کی حاضری اور ڈسپلن سے متعلقہ معاملات کی موثر نگرانی کی جائے گی۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے نادراکے ساتھ الیکٹورل رول سسٹم کی تنصیب سے متعلقہ معاہدے پر ہونے والی پیش رفت کابھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں ہونے والے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔