باغ ، شہداء کی یاد ہمیشہ زندہ رہتی ہے اور وہ قومیں کبھی زوال کا شکار نہیں ہوتیں ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں

منگل 23 ستمبر 2025 17:37

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) محترمہ شاہ جان میموریل گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ممتاز آباد حویلی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ فہمیدہ اختر راٹھور بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں۔ پرنسپل ادارہ عبدالقیوم راٹھور نے ان کے ہمراہ تقریب کی صدارت کی۔تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ فہمیدہ اختر راٹھور،پرنسپل ادارہ عبدالقیوم راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا فروغ صدقہ جاریہ ہے اور جو لوگ اس میدان میں اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں وہ ہمیشہ کے لیے تاریخ کے روشن باب بن جاتے ہیں۔

اسی تناظر میں سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ ممتاز حسین راٹھور مرحوم کی ہمشیرہ، محترمہ ملکہ خاتون (سابق معلمہ و بانی ٹیچر) کی عظیم خدمات کو یاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں اسکول کا ایک بلاک ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔اسی طرح وطن کے عظیم سپوت، شہید جرات میجر رفیق احمد شہید (ستارہ جرات) کی قربانیوں کو بھی نہایت والہانہ انداز میں سراہا گیا اور ان کے نام سے بھی ایک بلاک منسوب کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ شہداء کی یاد ہمیشہ زندہ رہتی ہے اور وہ قومیں کبھی زوال کا شکار نہیں ہوتیں جو اپنے محسنوں کو فراموش نہ کریں، میجر رفیق احمد شہید کے بڑے بھائی پروفیسر مجید احمد اور چھوٹے بھائی مشتاق احمد نے ڈی ای او نسواں کہوٹہ، پرنسپل اور اسکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل دراصل نئی نسل کو اپنے محسنوں کے نقشِ قدم پر چلنے کا پیغام ہے۔یہ تقریب اس امر کی گواہی ہے کہ علم و قربانی کی روشن شمعیں ہمیشہ قوموں کے لیے مینار نور بن کر رہتی ہیں۔\378