ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت کھلی کچہری،عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی متعلقہ اداروں کو ہدایت

منگل 23 ستمبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں پولیس، ایف سی، واسا، پی ایچ ای، گیس، بجلی، نادرا، ہیلتھ سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر بڑی تعداد میں سائلین نے شرکت کرکے اپنے مسائل پیش کیے۔ جن میں شناختی کارڈ کے مسائل، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، ریونیوکے معاملات سمیت دیگر مختلف نوعیت کی درخواستیں شامل تھیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی متعدد مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے جبکہ کئی بنیادی نوعیت کے مسائل کھلی کچہری کے دوران ہی حل کر دئیے گئے۔ دیگر درخواستیں ضابطے کے تحت وصول کر کے جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور بااختیار پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام مسائل ایمرجنسی اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے افسران کو بھی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔