لاہورمیں انسدادِ ڈینگی مہم میں تیزی،ڈپٹی کمشنرسید موسی رضا کا تحصیل شالیمار کا دورہ، ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا

بدھ 24 ستمبر 2025 17:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر کو ڈینگی سے پاک بنانے کے عزم کو عملی شکل دینے کے لیے انسدادِ ڈینگی مہم کو تیز کر دیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تحصیل شالیمار میں فیلڈ وزٹ کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور کہا کہ ڈینگی کے خلاف کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

میدانی دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،سی ای او ہیلتھ اور دیگر حکام ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔سی ای او ہیلتھ نے انسدادِ ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ معائنوں کے دوران دو ڈینگی لاروا ملنے پر فوری طور پر تلف کر دیئے گئے اور اطراف کے10 گھروں میں اسپرے کروایا جا رہا ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گوجرانوالہ سے آئے ایک ڈینگی مریض کی نشاندہی بھی ہوئی ہے،جس پر فوری طور پر احتیاطی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے فورا احکامات جاری کئے کہ لاروا ملنے پر متعلقہ گھروں اور آس پاس کے علاقے میں مکمل اسپرے اور کنٹرول ایکشن انجام دیا جائے جبکہ متاثرہ گھروں پر خصوصی اسٹیکرز چسپاں کئے جائیں تاکہ اضافی احتیاطی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔انسدادِ ڈینگی ٹیمیں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں اور سرویلنس کو مزید موثر و تیز کیا جائے۔

شہریوں کو ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے اور بروقت رپورٹنگ کو عام کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ڈینگی لاروا چھپانا نہیں،بلکہ بر وقت رپورٹ کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔عوامی تعاون کے بغیر لاہور کو ڈینگی فری شہر بنانا ممکن نہیں۔ہم تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور عوامی صحت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گاڑیوں، برتنوں، کھلے پانی کے ٹینکوں اور گھر کے اردگرد جمع شدہ پانی کو صاف رکھیں،نمکین پانی یا کھلے برتنوں میں لاروا کی موجودگی کی اطلاع فورا متعلقہ اہلکاروں کو دیں اور اگر ٹیمیں اسپرے کے لیے آئیں تو انہیں تعاون فراہم کریں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،عوامی تعاون سے ہی ڈینگی فری لاہور کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔