Live Updates

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی جانب گامزن،حرمین شریفین کی سکیورٹی پاکستان کیلئے ایک بڑااعزاز ہے، سردار ایازصادق

جمعہ 26 ستمبر 2025 21:16

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی جانب گامزن،حرمین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،حرمین شریفین کی سکیورٹی کے حوالے سے پاک سعودی دفاعی معاہدہ پاکستان کیلئے اعزاز سے کم نہیں،حالیہ سیلاب میں وزیر اعلی مریم نواز نے متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے انتھک محنت کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ہمراہ مناواں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی یہ خوش قسمتی ہے کہ جسے محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف جیسی ورکر دوست قیادت ملی،دنیا میں اس وقت پاکستان کی جو عزت ہے وہ اسے گزشتہ 75 سال میں بھی نہیں ملی،آج دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور اس کے ساتھ سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،ملک کو بحرانوں سے نکالا جس کی وجہ سے آج پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے،مہنگائی کا گراف نیچے آ یا ہے،سٹاک مارکیٹ بلندیوں کو چھو رہی ہے ،غریب آدمی خوشحالی کی زند گی بسر کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر یہ ثابت کردیا کہ افواج پاکستان بہادر اور دنیا کی باصلاحیت فوج ہے،پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس نے ہمیشہ خطے میں امن کا پرچار کیا ہے لیکن اگر پاکستان پر کوئی دشمن بری نظر ڈالے گا تو ہماری قیادت اور سپہ سالار کو اس کا جواب دینا آتا ہے،بھارت کو اپنی طاقت پر زوم تھا اور اس زوم کو ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے اپنی بہترین حکمت عملی سے توڑا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سعودی عرب کے لوگوں سے پوچھیں کہ پاکستان کی وہاں کتنی عزت ہے،ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں سعودی عرب میں حرمین شریفین کی سکیورٹی کی ذمہ داری ملی ہے،جہاں جانے کو لوگ ترستے ہیں،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جو دفاعی معاہدہ ہوا ہے وہ پاکستان کیلئے ایک اعزاز سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک سعودی معاہدے کے تحت یہ تصور کیا جا ئے گا کہ اگر سعودی عرب پر کوئی حملہ کرتا ہے تو وہ پاکستان پر حملہ ہوگا اور سعودی عرب نے کہا کہ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو وہ سعودی عرب پر تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں دو ممالک کے علاوہ باقی تمام پاکستان کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں،ہم بھارت کو بھی کہتے ہیں کہ آئو خطے میں امن قائم کرنے کیلئے ایک میز پر بیٹھ کر مذاکرات کریں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف پاکستان کی خوشحالی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں،وہ امریکہ ، سعودی عرب و دیگر ممالک میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں،پاکستان میں اتنی کشش ہے کہ سب پاکستان آنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے وہ ہرجگہ پہنچیں،گھنٹوں دھوپ اور پانی میں گزارے،سیلاب متاثرین کو کھانا پہنچایا کسی کو بھوکا اور چھت کے بغیر نہیں رہنے دیا۔انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں ترقیاتی کام جاری ہیں، گلیاں اور سڑکیں بن رہی ہیں، پنجاب اور وفاق میں پاکستانی عوام کے پاس ایسی لیڈر شپ ہے جو عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے،ملک کیلئے اچھی بات ہے کہ پنجاب حکومت کسی سے بھی قرض لئے بغیر تمام کام کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے،انہوں نے ہمیشہ انتشار کی سیاست کو فروغ دیا ہے،حالیہ سیلاب میں گھرے لوگوں کیلئے اس جماعت نے کوئی کام نہیں کیا بلکہ سیلاب متاثرین کو ریلیف کیلئے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر نکتہ چینی کی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز صوبے کی ترقی کیلئے انتھک محنت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقے کی گلیاں اور محلے گندے پانی کا تالاب بنے ہوئے تھے،اس حلقے میں سیوریج کا مسئلہ تھا جس کیلئے اربوں روپے کے فنڈز درکار تھے،اٹھارہ ارب روپے کی لاگت سے اس علاقے میں سیوریج سسٹم ڈالا جا رہا ہے،مریم نواز نے پورے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے لئے بلاتفریق یکساں فنڈز دیئے۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مجھے وزیر اعلیٰ مریم نواز جیسی محنت کرنے والی لیڈر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے،مریم نواز کی وجہ سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے اپنی پہچان بنائی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات