وزیر اعلی مریم نواز کی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت، پیرا فورس جوانوں سے حلف لیا

بدھ 24 ستمبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی۔ پیرافورس کے انفورسمنٹ اور انوسٹی گیشن آفیسر کی ٹریننگ مکمل ہونے پر پاسنگ آئوٹ کی پروقار تقریب منعقد کی گئی ،جس میں وزرا، ارکان اسمبلی،افسران، جوان اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں پیرا فورس کی پاسنگ آئوٹ میں جنرل سلامی لی اور جیپ پر سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا۔

وزیراعلی نے پیرا فورس کے جوانوں سے انصاف، شفافیت اور دیانتداری پر حلف لیا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے پیرا ٹریننگ کے دوران نمایاں کارکردگی پر میڈل اور اعزازات تقسیم کیے۔ رابعہ عارف، وحید اعظم،عبداللہ صفدر،سلمان حمید، رانا آفاق احمد اور دیگر کو میڈل اور اعزازات دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پیرا کیپٹن(ر) فرخ عتیق نے وزیر اعلی مریم نوازکی آمد کا خیر مقدم کیا۔

پاسنگ آئوٹ کی تقریب میں پیرا فورس نے پریڈ مارچ پاسٹ کیا۔ وزیر اعلی نے پیرا فورس کے فلیگ مارچ کا مشاہدہ بھی کیا اور سلامی لی۔ پریڈ میں پیرا کا موٹر سائیکل سوار دستہ پرچم اٹھائے شامل ہوا۔ پیرا کی خصوصی گاڑیوں کے سکواڈ نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔ وزیر اعلی نے پولیس کو قومی ترانہ اور ملی ترانوں کی شاندار دھنیں پیش کرنے پر انعام بھی دیا۔