ضلع اورکزئی ،دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ،کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

بدھ 24 ستمبر 2025 21:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)قبائلی ضلع اورکزئی کی وسطی تحصیل میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور دہشت گرد فرار ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے مقامی قبائل کے ساتھ مل کر علاقہ کو کلئیر کردیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے مسلح ہوکر وسطی تحصیل میں حسن زئی درہ اور میر غاڑہ کے علاقوں کا محاصرہ کرلیا تاکہ مقامی قبائل کو خوف زدہ کیا جاسکے تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے اطلاع ملنے پر مقامی قبائل کے ساتھ مل کر آپریشن کیا جس پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

سیکیورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کرتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس بیان کے مطابق آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی اور کمانڈنٹ اورکزئی سکاٹس کرنل مدثر نے مشترکہ طور پر کی۔ بیان کے مطابق پہلا موقع ہے کہ پولیس، انتظامیہ، ایف سی اور قبائلی عوام نے یکجا ہو کر فتنہ الخوارج کا زبردست مقابلہ کیا اور انہیں بھاگنے پر مجبور کیا۔ اس موقع پر مقامی مسلح قبائلی لشکر نے پاکستان زندہ باد، پولیس زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم متحد ہو کر امن دشمن عناصر کا خاتمہ کرنے میں سیکورٹی فورسز کا ساتھ دیں گے۔