چترال مارخورز اور افغان ٹی وی کی ٹیمیں چترال فٹ بال لیگ سیزن فائیو کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

جمعرات 25 ستمبر 2025 01:00

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)چترال مارخورز اور افغان ٹی وی کی ٹیمیں معرکہ حق چترال فٹ بال لیگ سیزن فائیو کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں،سیمی فائنل مقابلے (آج) جمعرات کو کرنل مراد سٹیڈیم، دروش، چترال میں کھیلے جائیں گے۔گزشتہ روز معرکہ حق چترال فٹ بال لیگ سیزن فائیو کے سلسلے میں دو کوارٹر فائنل میچ کھیلے گئے۔

دونوں میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز ہوئے۔ پہلے کوارٹر فائنل میچ میں چترال مارخورز نے تورکہو شہر شام ایف سی کو ایک سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ پہلے ہی ہاف کے آٹھویں منٹ میں چترال مارخورز کی طرف سے واحد گول اسٹرائیکر انعام نے کیا جوکہ مقررہ وقت تک جاری رہا۔ تورکہو شہرشام کے کھلاڑیوں نے گول برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

(جاری ہے)

دوسرے کوارٹر فائنل میں ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد افغان ٹی وی فٹ بال ٹیم نے پاکستان پولیس کو رننگ پنلٹیز پر ہرا سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ یہ میچ انتہائی تیز اور سنسنی خیز رہا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے مگر گول کرنے میں ناکام ہوئے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کئی یقینی مواقع ضائع کئے۔ پنلٹیز میں افغان ٹی وی اور پاکستان پولیس کے دو، دو کھلاڑیوں نے پنلٹیز ضائع کئے جس کی وجہ سے رننگ پنلٹیز کا سلسلہ شروع ہوا اور پاکستان پولیس کے پلئیر نے چھٹا پنلٹی ضائع کردیا جبکہ افغان ٹی وی کے پلیئر رضا خان نے گول داغ کر اپنے ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچا دیا۔