ڈی پی او مانسہرہ کی زیر صدارت ماہانہ کرائم چیک اجلاس، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت

جمعرات 25 ستمبر 2025 12:51

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں ماہانہ کرائم چیک اجلاس منعقد ہوا جس میں معاشرتی جرائم کے خاتمے، تھانوں میں پولیس ڈسپلن کی بہتری، سود کے کاروبار کی روک تھام، مفرور ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن اور عوام کے ساتھ پولیس کے رویے جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے ہدایت کی کہ ڈی ایس پیز اپنے اپنے سرکل جبکہ ایس ایچ اوز تھانوں کی سطح پر باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کریں تاکہ عوام کے مسائل براہ راست سنے جا سکیں اور ان کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے عوام میں یہ اعتماد بڑھے گا کہ پولیس حقیقی معنوں میں ان کی عزتوں اور جان و مال کی محافظ ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے مزید کہا کہ عوام دوست پولیس کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار اپنے بہترین رویے سے عوام کو یہ یقین دلائیں کہ پولیس ہر وقت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔اجلاس میں تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی ٹریفک اور انسپکٹر ٹریفک نے بھی شرکت کی۔