ْپاکستان بارکونسل اینڈ لیگل پریکٹیشنرز رولز 1976ء میں کی گئی حالیہ ترامیم کے دو رولزمعطل

جمعرات 25 ستمبر 2025 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان بار کونسل اینڈ لیگل پریکٹیشنرز رولز 1976ء میں کی گئی حالیہ ترامیم کے دو رولز معطل کردیئے ، پنجاب بار کونسل کے موجودہ انتخابات پرانے قوانین کے تحت ہی ہوں گے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے پنجاب بار کونسل کے یکم نومبر کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان بار کونسل اینڈ لیگل پریکٹیشنرز رولز 1976ء میں کی گئی حالیہ ترامیم کے دو رولز معطل کیے۔

(جاری ہے)

عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے 8 ستمبر کو متعارف کرائی گئی ترامیم کے رولز 6(1)اور175پر حکمِ امتناع جاری کیا ہے۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وکلاء کے لئے ایک ہی ضلع میں پانچ سال تک پریکٹس کو لازمی قرار دینا ان کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ اس شرط کے باعث کئی اہل امیدوار الیکشن لڑنے کے حق سے محروم ہو جاتے ہیں، جو آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے اس شرط پر عملدرآمد روک دیا۔ جسٹس خالد اسحاق نے فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پنجاب بار کونسل کے انتخابات اب پرانے قوانین کے تحت ہوں گے اور نئی ترامیم کا اطلاق موجودہ الیکشن پر نہیں ہوگا۔