Live Updates

روی چندرن ایشون کا بگ بیش لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے لئے سڈنی تھنڈر سے معاہدہ طے پاگیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 15:21

روی چندرن ایشون کا بگ بیش لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے لئے  سڈنی تھنڈر سے ..
کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) بھارتی آف سپنر روی چندرن ایشون نے آسٹریلیا کی ٹی20 لیگ بگ بیش لیگ (بی بی ایل ) میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جہاں وہ بی بی ایل کے آئندہ ایڈیشن میں سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کریں گے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ ایک تاریخی پیش رفت ہے کیونکہ روسی چندرن ایشون بی بی ایل میں کھیلنے والے پہلے سینئر بھارتی کرکٹر بن جائیں گے۔

روی چندرن ایشون سڈنی تھنڈر کی جانب سے اگلے دو سیزنز کھیلیں گے، اور اس طرح وہ بی بی ایل کھیلنے والے پہلے بھارتی انٹرنیشنل کرکٹر بھی بن جائیں گے۔بی سی سی آئی کے قوانین کے تحت بھارتی مرد کرکٹرز کو غیر ملکی لیگز میں کھیلنے کی اجازت نہیں ہوتی، لیکن روی چندرن ایشون کے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب وہ دیگر لیگز میں شرکت کے اہل ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئندہ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹونٹی کے لئے بھی رجسٹریشن کرا رکھی ہے۔معاہدے کے مطابق روی چندرن ایشون 14 دسمبر سے شروع ہونے والی بی بی ایل کے ابتدائی تین ہفتوں میں سڈنی تھنڈر کو دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی لیگ میں مصروف ہوں گے، جو 2 دسمبر سے 4 جنوری تک کھیلی جائے گی۔ سڈنی تھنڈر کے آخری چار میچز 6، 10، 12 اور 16 جنوری کو شیڈول ہیں، اور توقع ہے کہ روی ایشون ان میں سے کم از کم تین میچز کھیلیں گے۔

روی چندرن ایشون کے لیے صرف سڈنی تھنڈر ہی نہیں بلکہ ہوبارٹ ہریکینز، سڈنی سکسرز، اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز بھی دلچسپی رکھتی تھیں۔ تاہم ایشون نے سڈنی تھنڈر کو ترجیح دی، جس میں ڈیوڈ وارنر کپتان ہیں اور ٹرینٹ کوپلینڈ جنرل منیجر کے طور پر معاہدے کی نگرانی کر رہے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات