محکمہ صحت نے ہسپتالوں کیلئے ادویات کی مد میں 9 ارب طلب کرلئے

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2025ء) محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے لیے 9 ارب 10 کروڑ روپے مانگتے ہوئے حکومت پنجاب کو سمری ارسال کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں سرکاری ہسپتال یو ایچ آئی ریونیو سے ادویات خریدتے تھے، لیکن یو ایچ آئی کے خاتمے کے بعد ہسپتالوں کی آمدن بری طرح متاثر ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ ریونیو ختم ہونے پر حکومت سے سب گرانٹ طلب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق یو ایچ آئی کا 25 ارب روپے کا بجٹ اب صرف پرائیویٹ ہسپتالوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، جس کے باعث سرکاری ہسپتالوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ صحت نے اس سے قبل بھی اضافی بجٹ کے لیے سمری بھیجی تھی اور اب دوبارہ سفارشات کے ساتھ پنجاب حکومت کو سمری ارسال کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر سب گرانٹ فراہم نہ کی گئی تو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی قلت پیدا ہو سکتی ہے اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔