وزیر اعلی سندھ سے بنگلہ دیش کے سیکرٹری داخلہ اور ہائی کمشنرکی ملاقات

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:57

وزیر اعلی سندھ سے بنگلہ دیش کے سیکرٹری داخلہ اور ہائی کمشنرکی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بنگلہ دیش کے سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی اور ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی اوراس بات پر اتفاق کیا کہ کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہِ راست پروازوں اور فیری سروس شروع کرنے کی فوری ضرورت ہے تاکہ تجارت اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔جمعرات کو وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اس طرح کے روابط سے اقتصادی تعلقات مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر بنگلہ دیشی سیکرٹری نے یاد دلایا کہ ایک نجی کمپنی نے حال ہی میں براہِ راست شپنگ سروس شروع کی تھی لیکن وہ بعد میں بند ہو گئی۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ سے درخواست کی کہ اسے وفاقی سطح پر دوبارہ شروع کرانے میں مدد فراہم کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے وفد کو بتایا کہ پولیس سربراہ کے دفتر میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے چلتا ہے اور گاڑیوں کے نمبر پلیٹ پڑھنے اور چہروں کی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بنگلہ دیشی سیکرٹری داخلہ نسیم الغنی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور سندھ کے تجربے سے فائدہ اٹھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اپنی سیف سٹی حکمتِ عملی کے لیے سندھ حکومت سے تعاون حاصل کرے گا۔ملاقات میں صوبائی سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن اور وزیر اعلی کے سیکریٹری عبد الرحیم شیخ بھی موجود تھے۔