تعلیم و صحت کی نجکاری عوامی مسائل بڑھائے گی، حکومت آئینی ذمہ داری پوری کرے، عنایت اللہ خان

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:58

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی عنایت اللہ خان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 1500سے زائد اسکولوں، کالجوں اور 58سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس سے تعلیم اور علاج معالجہ مزید مہنگا ہو جائے گا اور غریب عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے جنرل سیکرٹری محمد حلیم باچا، جماعت اسلامی سوات کے امیر حمید الحق، نائب امیر اختر علی خانجی، جنرل سیکرٹری حیدر علی خان، سابق ایم این اے ڈاکٹر فضل سبحان اور حافظ اسرار احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پہلے ہی 55 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں، مزید تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے لیکن حکومت نئے ادارے بنانے کے بجائے موجودہ اداروں کی نجکاری کی طرف جا رہی ہے جو صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی تعلیم اور صحت کی نجکاری کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرے گی کیونکہ عوام کو مفت تعلیم، سستی صحت اور پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت سرکاری تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت چلانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی آئینی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے، جو عوامی مشکلات میں کمی کے بجائے مزید اضافے کا باعث بنے گا۔