ماہ اکتوبر میں مزید گرین بسوں کو کوئٹہ کے مختلف روٹس پر چلایا جائیگا بلکہ کچلاک سے سریاب کے آخر تک گرین بس سروس کو توسیع دی جائے گی،ڈاکٹرفیصل

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ ماہ اکتوبر میں مزید گرین بسوں کو کوئٹہ کے مختلف روٹس پر چلایا جائے گا بلکہ کچلاک سے سریاب کے آخر تک گرین بس سروس کو توسیع دی جائے گی، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت الیکٹرک وہیکلز منصوبے پر بھی جلد عمل درآمد شروع ہوگا،صفا کوئٹہ منصوبے کے تحت کوئٹہ شہر سے ماہ اگست 2024 سے اگست 2025 تک 2لاکھ 81ہزار ٹن کچرہ اٹھایا جا چکا ہے بلکہ ٹیکنالوجی پارک کو بھی فعال کیا گیا ہے۔

افیسرز کلب کو 15 سال کیلئے آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویڑن شاہزیب خان کاکڑ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اب تک 34 منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جن میں سے 11آپریشنل ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پارک کی بڈنگ ہوئی اور گزشتہ 5ماہ سے یہ فعال ہیں جہاں 64 کاروباروں میں 16 نوجوانوں کی کمپنیاں کام کر رہی ہے بوستان اکنامک زون میں سولرائزیشن کیلئے بڈنگ کو جلد مشتہر کیا جا رہا ہے انکا کہنا تھا کہ گرین بس منصوبہ بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ایک بہترین مثال ہے ماہ اکتوبر میں مزید بسیں مختلف روٹس پر چلنا شروع ہوگی بلکہ کچلاک سے سریاب کے آخر تک گرین بس سروس کی عوام کو سہولت ملے گی اور ہر 7سے 10 منٹ میں گرین بس دستیاب ہو گی انہوں نے کہا کہ اندرون شہر الیکٹرک وہیکلز کے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اس موقع سے فائدہ اٹھائے اور اس منصوبے میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ صفا کوئٹہ منصوبے کے تحت ماہ اگست 2024 ئ سے ماہ اگست 2025 تک کوئٹہ شہر سے 2لاکھ 81 ہزار ٹن کچرہ اٹھایا جا چکا ہے ہم فی ٹن 2ہزار روپے خرچ کر رہے ہیں جبکہ پنجاب میں فی ٹن کچرے پر خرچ 10 سے 12 ہزار روپے ہیں ہم صفا کوئٹہ منصوبے پر سالانہ زیادہ سے زیادہ 90 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے 7علاقوں چلتن ٹاون،ریلوے کالونی،سنگین ہاؤسنگ اسکیم سمیت 7علاقوں میں ڈور ٹو ڈور کچرہ اٹھانیکا کام شروع ہو چکا انہوں نے کہا کہ ہم آفیسرز کلب کوئٹہ کو بھی 15 سال کیلئے آؤٹ سورس کر رہے ہیں اس کیلئے بھی ہم چیمبر کے عہدیداران و ممبران کو دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیہ ہوٹل کی بڈنگ میڈیا اور سب کے سامنے کی جس ہوٹل سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ماہانہ 6ہزار روپے مل رہے تھے اس سے اب ماہانہ 10 لاکھ 55ہزار روپے مل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پروجیکٹ کے تحت شاہراہوں کی توسیع کا منصوبہ انتہائی مشکل اور پیچیدہ تھا جس پر بہترین انداز سے کام کیا گیا ہے مگر اس کی تعریف کرنے کی بجائے اس پر تنقید کی جا رہی ہے جو مایوس کن ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لئے جو بھی بڈنگ ہوگی اس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔