Live Updates

ش*ضلعی انتظامیہ کا گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن جاری

پرائس کنٹرول مہم جاری، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں مستحکم ، گراں فروشی پر مقدمات درج کرنے کی ہدایت

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:45

ئ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو اشیاء خوردونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مہم کو تیز کر دیا ہے، جو مہنگائی کے خاتمے اور عوامی ریلیف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس مہم کے تحت اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور پرائس مجسٹریٹس مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ نرخنامہ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے آلو، ٹماٹر، بینگن، مٹر سمیت 15 سبزیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں، جبکہ سیب، کیلا، آم، آڑو سمیت 8 پھلوں کی قیمتوں میں بھی مکمل استحکام برقرار ہے۔ لیموں کی قیمت میں 15 روپے فی کلو، کریلے اور لہسن کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو انتظامیہ کی موثر نگرانی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے روٹی 14 روپے فی پیس، چینی 175 روپے فی کلو پر دستیاب ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور کی ٹیمیں مارکیٹوں اور بازاروں میں مسلسل نگرانی اور چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ کوئی بھی گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی نہ ہو سکے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم کا نمبر 03070002345 جاری کیا گیا ہے جہاں شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ہدایت کی ہے کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور نرخ نامے کو نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے تاکید کی کہ اشیاء خوردونوش کے معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، اور مسلسل گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے۔ ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اور مارکیٹوں میں اشیاء کی طلب اور رسد کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، اور ان اقدامات سے لاہور کی مارکیٹوں میں قیمتوں کا توازن برقرار رکھنے میں مدد مل رہی ہے، جو انتظامیہ کی فعال حکمت عملی اور مثبت کارکردگی کا مظہر ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات