}ڈویژنل پولیس کااسلحہ کی نمائش، منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:45

ظ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2025ء) سول لائنز ڈویژن پولیس ناجائز اسلحہ و فائرنگ سے خوف وہراس پھیلانے والوں کے خلاف متحرک، گڑھی شاہو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور سر عام فائرنگ کرنے والے ملزم کوگرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت دائود کے نام سے ہوئی۔ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل اور گولیاں برآمدکی گئیں۔

گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ کینٹ ڈویژن پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، ڈیفنس بی پولیس نے دوران چیکنگ مختلف مقامات سے 02 منشیات فروش گرفتارکر لیے۔گرفتار منشیات فروشوں میں جنید اور علی شامل ہیں۔ ملزمان سے اڈھائی کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے پوش علاقوں میں نو جوان نسل کو منشیات بیچنے کا اعتراف کیا۔

سٹی ڈویژن پولیس انسداد منشیات کیلئے متحرک ،نیو انارکلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش گرفتار کر لیے۔گرفتارملزمان میں محسن اور اسد اللہ شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے ہزاروں مالیت کی 2 کلو 560 گرام چرس برآمدکی گئی۔اسی طرح شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے رات کے وقت گھر میں گھس کر واردات کرنے والے ملزم کوگرفتارکر لیا۔ ملزم گھر کا بیرونی دروازہ توڑ کر سیف الماری میں سے 10 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور ایک لاکھ نقد رقم چوری کرکے فرار ہو گیا جبکہ گھر والے چھت پر سو رہے تھے۔

گرفتار ملزم کی شناخت یوسف عرف کاکا گھوڑیاں والا کے نام سے ہوئی۔ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ صدر ڈویژن پولیس خواتین وبچوں کے تحفظ کیلئے کوشاں، مانگا منڈی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنی بھابھی سے زیادتی کرنے والے جیٹھ کو شامکے بھٹیاں سے گرفتار کر لیا ۔ملزم کی شناخت مقصود احمد کے نام سے ہوئی۔ متاثرہ خاتون کی ملزم کے بھائی سے 02 سال قبل شادی ہوئی تھی۔

متاثرہ خاتون نے درخواست دی تھی کہ ملزم نے خاوند کی غیر موجودگی میں زبردستی حرام کاری کی۔ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس منشیات فروشوں کیخلاف ان ایکشن ،شادمان پولیس نے منشیات فروش نیٹ ورک کے 2 ارکان گرفتار کر لیے ۔ملزم شبیر کو خفیہ اطلاع پر ٹولنٹن مارکیٹ سے حراست میں لیا گیا جبکہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر دیگر ملزم مختار کو شمع سٹاپ سے گرفتار کیا گیا ۔

ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 1 کلو 560 گرام چرس اور 750 گرام آئس برآمد کی گئی۔ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کر دیا گیا۔ اسی طرح چوکی لکھوکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 اشتہاریوں سمیت 1 ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار کر لیا۔ملزمان کو ای پولیس ایپ اور خفیہ اطلاع پر مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ملزما ن اشتہاری، بوگس چیک اور فراڈ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔گرفتارملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ڈولفن سکواڈنے شیرا کوٹ سے پیشہ ور منشیات فروش گرفتارکرلیا۔ملزم کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی۔ دورانِ چیکنگ ملزم کے قبضہ سے 1020 گرام چرس برآمدہوئی۔گرفتار ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لیے تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کیا گیا۔