خواتین کی منی فٹبال ورلڈ کپ، اربل عراق سے قومی ٹیم وطن پہنچ گئی، اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیاگیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)قومی خواتین منی فٹبال ٹیم عراق کے شہر اربل میں منعقدہ ویمن ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی، جہاں اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ استقبال کے لیے آنے والوں نے قومی ٹیم کی کھلاڑیوں اور ان کے ہمراہ موجود آفیشلز کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان پر پھول نچھاور کیے۔

قومی ٹیم میں خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت کھلاڑی شامل تھیں۔ ٹیم کی قیادت کپتان چمن مشتاق نے کی، جبکہ مہوش کریم نے گول کیپر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ثمینہ مجید، تہمینہ، ادینہ اور نیہا طارق شامل تھیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل پیش کر کے پاکستان کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن ملک ہدایت الحق تھے، کوچ احمد زمان اور منیجر عبدالرشید انور موجود تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی اور انہیں بھرپور رہنمائی فراہم کی۔ ائیرپورٹ پر موجود اہلِ خانہ، کھیلوں کے شائقین اور منتظمین نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی نہ صرف پاکستان کی عزت میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ ملک میں خواتین کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی ایک روشن مثال ہیں۔ قومی ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی وطن واپسی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں محنت اور جذبے کے ساتھ پاکستان کے لیے فتوحات سمیٹنے کی کوشش کریں گی۔