پشاور،عمدہ کارکردگی کے حامل پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) سی سی پی او پشاورڈاکٹرمیاں سعید احمد خان نے کہا ہے کہ عمدہ کارکردگی کے حامل پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد جبکہ غفلت ولاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں کو سزا دی جاتی ہے، پولیس جوان محنت کر کے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں، سٹریٹ کرائم، جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں اسی طرح جاری رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں پروقار تقریب کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پولیس افسران و اہلکاروں کو انعامات دینے کے دوران کیا۔واضح رہے کہ سنگین کیسز میں ملوث ملزمان کو بروقت گرفتار کرنے ، منشیات کے خلاف بھرپور ایکشن لینے پر ایس ایچ او تھانہ متنی واجد خان، ایس ایچ او تھانہ کوتوالی فضل جان، ایس ایچ او تھانہ حیات آباد طارق خان، ایس ایچ او تھانہ لنڈی کوتل عدنان خان سمیت ایس آئیز اور اہلکاروں کو عمدہ کارکردگی پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پشاور اور ضلع خیبر کے پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی کے حامل پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔پولیس جوان پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرائم اور دیگر معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔