پی ٹی آئی رہنماوں حافظ فرحت عباس ، ندیم بارا اور علی وڑائچ کی عبوری ضمانت میں توسیع

جمعہ 26 ستمبر 2025 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے9مئی کے چار مقدمات جناح ہائوس اور عسکری ٹاور حملہ کیس میں تحریک انصاف کے رہنماوں حافظ فرحت عباس ایم پی اے ، ندیم بارا اور علی وڑائچ کی عبوری ضمانتوں میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے جمعہ کوکیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس، ندیم بارا اور علی وڑائچ پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی ۔

سماعت کے دوران ڈی ایس پی لیگل جاوید آصف نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جناح ہائوس حملہ کیس میں حافظ فرحت عباس کے خلاف تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی، تاہم دیگر مقدمات میں تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔عدالت نے سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام مقدمات کی تفتیشی رپورٹس طلب کرلی ۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی ۔