بھوگڑ منگ میں دو برادریوں کے درمیان 7 سالوں سے جاری راستے کا تنازعہ عمائدین جرگہ کی کوششوں سے حل ہو گیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 11:21

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) مانسہرہ کے علاقہ بھوگڑ منگ میں دو برادریوں کے درمیان 7 سالوں سے جاری تنازعہ عمائدین جرگہ کی کوششوں سے ختم ہو گیا۔ یہ تنازعہ دو برادریوں آصف جہاں خان اور اہلیان سولہا بانڈی کے درمیان راستے کی بندش کے باعث پیدا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اس تنازعہ کو ختم کرنے کیلئے بھوگڑمنگ میں آصف جہاں خان کی رہائش گاہ پر ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں سابق وزیر داخلہ اور موجودہ رکن قومی اسمبلی شہزادہ گشتاسپ خان، سابق صوبائی وزیر حق نواز خان سچاں کے فرزند عمر نواز خان، سابق ناظم شنکیاری سراج احمد، معززین علاقہ، بلدیاتی نمائندگان اور اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شہزادہ گشتاسپ خان نے اس موقع پر اہلیان جرگہ سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ علاقہ کی تعمیر و ترقی اور وہاں بھائی چارے کی فضاکو برقرار رکھنے کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا، ہم علاقہ میں بھائی چارے کی فضاکو برقرار رکھنے کیلئے متحد تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آصف جہاں خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی ذاتی زمین سے راستہ تنازعہ فی سبیل اﷲ ختم کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اس موقع پر سولیاں بانڈی کے معززین نےآصف جہاں خان کے سر پر پگڑی پہنا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔