جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار کی پاداش میں 3ایف آئی آردرج،9ملزمان کے چالان ہوئے ،ترجمان محکمہ وائلڈ لائف

جمعہ 26 ستمبر 2025 12:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) پنجاب میں چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی زیرقیادت جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار کی روک تھام کےلئے کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کےمطابق چند کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز اوکاڑہ ، جھنگ ، چنیوٹ ، ملتان، خانیوال ، وہاڑی اور اٹک نے بٹیر ودیگر جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار کی پاداش میں 3ایف آئی آردرج کروائیں اور 9ملزمان کے وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان ہوئے جبکہ بٹیر کے 15نیٹنگ گیئر ز بھی ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ، متعدد کو بھاری جرمانے کئے ۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرساہیوال ریجن راجہ احسان کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز اوکاڑہ نے بٹیر کے 2غیر قانونی شکاریوں کے خلاف ایف آئی آر ز درج کروائیں ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر شاہزیب خورشید نے تیتر کا کتوں اور گن کیساتھ غیرقانونی شکار کرنے پر 3شکاریوں کو 70ہزار روپے جرمانہ کیا ۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرچنیوٹ اویس کسانہ نے بٹیر کے 4غیر قانونی نیٹنگ گیئر ز ضبط کرکے 3چالان کئے اور 55ہزارروپے جرمانہ کیا ۔

اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جھنگ عبداللہ بلال نے بٹیر کے 2نیٹنگ گیئر ز ضبط کی اور 2چالان کرکے ایک کیس میں 30ہزار روپے جرمانہ کیا ۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن ڈاکٹر سجاد حسین کی سربراہی میں ریجن نے بٹیر کے 13نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے 3ملزم گرفتار کرکے قانونی چارہ جوئی شروع کردی جبکہ ایک ایف آئی آر بھی درج کروائی ۔