گھر سے دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے جاتے بچے سے نازیبا حرکات کرنیوالا اوباش کو گرفتار

بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں؛ ایس پی سٹی بلال احمد کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 ستمبر 2025 15:29

گھر سے دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے جاتے بچے سے  نازیبا حرکات کرنیوالا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گھر سے دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے جاتے بچے سے نازیبا حرکات کرنے والے اوباش شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے اسلام پورہ کے علاقہ کی گلی میں کھڑے بچے کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والے اوباش نوجوان کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ 8 سالہ بچہ گھر سے دینی تعلیم حاصل کرنے کیلئے جا رہا تھا کہ اس دوران اوباش ملزم نے بچے کو اٹھا کر اُس کے ساتھ فحش حرکت کی اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگیا۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی میں ملزم کو فحش حرکات کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر اسلام پورہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت کارروائی اور اوباش ملزم کی گرفتاری پر ایس ایچ او اسلام پورہ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف فیصل آباد میں اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 4 خواتین اور نوجوان کو اغوا کرلیا، پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی، ایک واقعہ گلبرگ کے علاقہ محمدپورہ میں پیش آیا جہاں کے رہائشی نذیر احمد کی بیٹی (س) کو نامعلوم افراد اغواء کرکے لے گئے، اسی طرح غلام محمد آباد کے علاقہ لطیف پارک کے اویس کی ہمشیرہ (ص) کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا۔

بتایا جارہا ہے کہ فیصل آباد ہی میں مدینہ ٹاؤن کے علاقہ یوسف آباد کے ظہیر عباس کی بھتیجی (ع) کو نامعلوم افراد نے اغواء کیا، بٹالہ کالونی کے علاقہ اویس نگر کی ثمینہ بی بی کی بیٹی (م) کو ملزم رضوان وغیرہ اغواء کرکے لے گئے اور منصور آباد کے رہائشی اعظم کا بیٹا گھر سے سودا سلف لینے گیا تو واپس نہ آیا، جس کو نامعلوم نے اغواء کرلیا، پولیس نے ان واقعات کی تفتیش شروع کردی۔