وفاقی وزیر قومی صحت نے میڈیکل و ڈینٹل پروفیشنلز کیلئے لائسنسنگ سسٹم کا آغاز کر دیا

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:29

وفاقی وزیر قومی صحت نے   میڈیکل و ڈینٹل پروفیشنلز کیلئے لائسنسنگ سسٹم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے کراچی ریجنل آفس میں باضابطہ طور پر میڈیکل اور ڈینٹل پروفیشنلز کے لیے لائسنسنگ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ جمعہ کووزارت صحت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اہم قدم میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس اور پریکٹیشنرز کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے، یہ ڈیجیٹل اقدام رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کو کراچی سے اسلام آباد ہیڈ آفس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی اور تمام رجسٹریشن سروسز پی ایم اینڈ ڈی سی کراچی ریجنل آفس میں دستیاب ہوں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ریجنل آفس بھی آن لائن درخواستوں کے جمع کرانے اور پروسیسنگ میں مدد فراہم کرے گا، جو ڈاکٹرز آن لائن پورٹل پر درخواست فارم بھرنے میں مشکلات کا سامنا کریں گے انہیں ریجنل آفس کے عملے کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نئے گریجویٹس، میڈیکل و ڈینٹل پروفیشنلز اور سپیشلسٹس اپنی رجسٹریشن جلد اور محفوظ طریقے سے مکمل کر سکیں گے، اس نظام سے زیادہ شفافیت، موثریت اور سہولت کو فروغ ملے گا، میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو بلند کرنے کے لئے پر عزم ہیں ۔