وکلاء کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو سیاست کی نذرنہیں ہونے دیں گے،وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹراعظم نذیرتارڑ

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:29

وکلاء کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو سیاست کی نذرنہیں ہونے دیں گے،وفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ وکلا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں،وکلا کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو سیاست کی نذرنہیں ہونے دیں گے،وکلا کامعاشرے میں کلیدی کردارہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی ،ڈی ایچ اے اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مشترکہ رہائشی منصوبے مارگلہ آرچرڈ پارک روڈ ہاؤسنگ سکیم کے ترقیاتی کاموں بارے سہ فریقی معاہدے پر دستخطوں کی باضابطہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ آئینی ترمیم میں وکلا کی تجاویزشامل کی گئیں،قانونی اصلاحات میں قانونی برادری سے مشاورت یقینی بنائی جاتی ہے،فوجداری نظام میں اہم اصلاحات لائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وکلا کی رہائشی اسکیم میں ترقیاتی کاموں بارے مفاہمتی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی سطح پر ہر ممکنہ تعاون جاری رہے گا ۔

تقریب سے وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ ترقیاتی کاموں کی شروعات کے حوالے سے یہ ایک تاریخی معاہدہ ہوگا جس کے بعد اس پروجیکٹ پر باقاعدہ طور پر تیزی سے کام شروع ہو جائے گا اور یہ پروجیکٹ جلد از جلد اپنی تکمیل کو پہنچے گا ۔اس منصوبے کے تحت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اپنے معزز الاٹیز کو عالمی معیار کی جدید اور سہولیات سے آراستہ رہائشی ماحول فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسکیم میں کمرشل ایریاز، پارکس، تعلیمی ادارے، مساجد اور دیگر عوامی سہولیات کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔ ریاض حسین پیرزادہ نے کہاکہ وکلا برادری کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہمہ وقت کوششیں جاری رہیں گی ۔\932